رام مندر جانے سے قبل کانگریس وفد پر قدغن، اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے نظر بند
رام مندر جانے سے قبل کانگریس وفد پر قدغن، اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے نظر بند
بھارت کی ریاست اتر پردیش میں کانگریس کے صدر اجے رائے کو ایودھیا کے ایک ہوٹل میں نظر بند کر دیا گیا۔ یہ کارروائی اُس وقت کی گئی جب کانگریس کا اعلیٰ سطحی وفد رام مندر میں حاضری دینے اور مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے ایودھیا پہنچنے والا تھا۔
کانگریس کے مطابق پارٹی نے وفد کے دورے سے قبل مقامی انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا تھا، تاہم اس کے باوجود اجے رائے کو ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پارٹی نے اس اقدام کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رام مندر سے متعلق چندے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور خرد برد کے الزامات پر سیاسی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ وفد کا مقصد رام مندر میں حاضری دینا اور مذہبی عقیدت کا اظہار کرنا تھا، جبکہ اس کے ساتھ مبینہ مالی بے ضابطگیوں پر بھی عوامی تشویش اجاگر کی جانی تھی۔
دوسری جانب ریاستی حکومت یا مقامی انتظامیہ کی جانب سے اجے رائے کو نظر بند کیے جانے کی وجوہات پر فوری طور پر کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا


