Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومپاکستانآزاد کشمیر کی جانب اپوزیشن وفد کی پیش قدمی روک دی گئی،...

ٹرینڈنگ

آزاد کشمیر کی جانب اپوزیشن وفد کی پیش قدمی روک دی گئی، کہوٹہ میں پولیس ناکے پر کشیدگی، دھرنا

آزاد کشمیر کی جانب اپوزیشن وفد کی پیش قدمی روک دی گئی، کہوٹہ میں پولیس ناکے پر کشیدگی، دھرنا

راولپنڈی: محمود اچکزئی کی قیادت میں آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ جانے والا اپوزیشن رہنماؤں کا ایک وفد کہوٹہ کے قریب پولیس نے روک دیا، جس کے بعد موقع پر کشیدگی پیدا ہو گئی اور وفد نے چکیاں چیک پوسٹ پر احتجاجی دھرنا دے دیا۔

اطلاعات کے مطابق وفد کو سیکیورٹی وجوہات کے باعث آگے بڑھنے سے روکا گیا، جبکہ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے وفد کو بتایا کہ انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ “اوپر سے ہدایات” موصول ہوئی ہیں۔

اس موقع پر اپوزیشن رہنما شاہد خاقان عباسی نے پولیس حکام سے گفتگو کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وفد کا مقصد آزاد کشمیر میں جاری صورتحال پر سیاسی و عوامی سطح پر بات چیت کرنا تھا، اور انہیں روکنے کا فیصلہ سیاسی اور سفارتی سطح پر منفی تاثر پیدا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ “ہم آزاد کشمیر میں جا کر یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ احتجاج کیوں ہو رہا ہے، ہمیں روکے جانے پر بھارت سب سے زیادہ خوش ہوگا۔”

اسی طرح اپوزیشن رہنما راجہ ناصر عباس نے بھی کہا کہ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اوپر سے حکم ہے، اور انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “افسوس ہے کہ ہم کشمیر بھی نہیں جا سکتے۔”

وفد کی قیادت محمود اچکزئی کر رہے تھے، اور ان کے ہمراہ مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔ صورتحال کے باعث علاقے میں ٹریفک اور سیکیورٹی انتظامات متاثر ہوئے۔

پولیس حکام کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ اقدام سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اٹھایا گیا، تاہم اپوزیشن وفد نے اسے سیاسی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے موقع پر ہی احتجاج شروع کر دیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ رہی اور اپوزیشن رہنما مذاکرات اور آگے جانے کی اجازت کے مطالبے پر قائم رہے

مزید پڑھیں