تامل ناڈو کے وزیر پر ڈرگ لینے کا الزام، ویڈیو وائرل
تامل ناڈو کے وزیر پر ڈرگ لینے کا الزام، ویڈیو وائرل
چنئی: بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک وزیر ڈی سراتھ کمار ایک پرانی وائرل ویڈیو کے بعد تنازع کی زد میں آ گئے ہیں، جس میں انہیں مبینہ طور پر ایک سفید پاؤڈر نما مادے کو موبائل اسکرین پر ہاتھ لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ یہ مادہ ممکنہ طور پر منشیات ہو سکتا ہے، جس پر سیاسی اور عوامی حلقوں میں بحث تیز ہو گئی۔
تاہم وزیر ڈی سراتھ کمار نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والا مادہ منشیات نہیں بلکہ ان کے بیمار بچے کی دوا تھی۔ ان کے مطابق ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کر کے سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا، جس سے غیر ضروری تنازع پیدا ہوا۔
پولیس یا کسی سرکاری ادارے کی جانب سے ابھی تک اس معاملے میں کوئی باضابطہ الزام یا کارروائی سامنے نہیں آئی ہے۔ حکام کے مطابق ویڈیو کی حقیقت اور سیاق و سباق کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر سیاسی شخصیات سے متعلق پرانی ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے غلط معلومات پھیلنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے


