بھارت میں میڈیکل امتحان اسکینڈل کے بعد سخت سکیورٹی، فوج طلب، امتحان کی حفاظت کیلئے ایپ بند
بھارت میں میڈیکل امتحان اسکینڈل کے بعد سخت سکیورٹی، فوج طلب، امتحان کی حفاظت کیلئے ایپ بند
نئی دہلی: بھارت میں قومی سطح کے میڈیکل داخلہ امتحان سے جڑے اسکینڈل اور سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے الزامات کے بعد حکومت نے غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے فوجی و نیم فوجی سکیورٹی تعینات کر دی ہے اور امتحانی نظام کو محفوظ بنانے کیلئے ایک بڑی میسجنگ ایپ بھی عارضی طور پر بند کر دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض آن لائن نیٹ ورکس اور چیٹنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے امتحانی پرچوں کی مبینہ لیکنگ اور فراڈ میں ملوث گروہ سرگرم تھے، جس کے بعد حکومت نے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق امتحان کے دوبارہ انعقاد سے قبل ملک بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں امتحانی پرچوں کی منتقلی کے لیے فوجی جہازوں کا استعمال، حساس مراکز پر نیم فوجی دستوں کی تعیناتی اور انٹیلی جنس نگرانی شامل ہے۔
مزید یہ کہ حکومت نے ایک بڑی میسجنگ ایپ کو عارضی طور پر بلاک کر دیا ہے، جس کے بارے میں مؤقف ہے کہ اسے امتحانی دھوکہ دہی اور سوالیہ پرچوں کے مبینہ لیک کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ حکام کے مطابق بعض آن لائن گروپس اس پلیٹ فارم پر پرچے پہلے سے لیک ہونے کا دعویٰ کر کے طلبہ کو دھوکہ دیتے رہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ صورتحال بھارت کے تعلیمی نظام کے لیے ایک سنگین بحران کی شکل اختیار کر گئی ہے، جہاں ہر سال لاکھوں طلبہ سخت مقابلے کے امتحانات میں شرکت کرتے ہیں اور معمولی لیک بھی بڑے احتجاج اور سیاسی دباؤ کا سبب بن سکتی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امتحان کی شفافیت اور طلبہ کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ ناقدین کے مطابق اس طرح کی سختیاں بنیادی مسئلے یعنی امتحانی نظام کی اندرونی کمزوریوں کو حل نہیں کرتیں


