ایک مُکے میں دیوار زمین بوس! چین کا دیوہیکل روبوٹ دنیا کو چونکانے آ گیا
ایک مُکے میں دیوار زمین بوس! چین کا دیوہیکل روبوٹ دنیا کو چونکانے آ گیا
بیجنگ: چین میں تیار کیا گیا ایک دیوہیکل انسان نما روبوٹ دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جب اس نے ایک ہی مُکے سے کنکریٹ کی دیوار توڑ کر مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کی دوڑ میں ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
چینی روبوٹ ساز ادارے یونی ٹری روبٹک کے بانی وانگ شینگ نے حال ہی میں تقریباً دس فٹ بلند دھاتی روبوٹ کے اندر بیٹھ کر اس کا عملی مظاہرہ کیا۔ ویڈیو میں روبوٹ کو چلتے، حرکت کرتے اور پھر ایک ہی وار میں کنکریٹ کی دیوار گراتے دیکھا گیا، جس کے بعد چینی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچ گیا
بعض مبصرین نے اسے سائنس فکشن فلموں کے جنگجو روبوٹس سے تشبیہ دی، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل خبر دیوار کا ٹوٹنا نہیں بلکہ وہ ٹیکنالوجی ہے جو اس کے پیچھے کھڑی ہے۔ ان کے مطابق یہ مشین مستقبل کے ایسے روبوٹس کی ابتدائی جھلک ہو سکتی ہے جو کارخانوں، تعمیراتی منصوبوں، کان کنی، آفات سے نمٹنے اور خطرناک فوجی یا صنعتی ماحول میں انسانوں کی جگہ کام کر سکیں گے
تجزیہ کاروں کے مطابق دنیا اس وقت مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں مصروف ہے، لیکن اگلا بڑا میدان “جسمانی مصنوعی ذہانت” ہو سکتا ہے، جہاں ذہین مشینیں صرف سوچیں گی نہیں بلکہ حقیقی دنیا میں طاقتور جسمانی کام بھی انجام دیں گی۔ اگر چین اس میدان میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تو یہ عالمی صنعت، معیشت اور افرادی قوت کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے
ایک مُکے سے دیوار گرانے والا یہ روبوٹ بظاہر ایک مظاہرہ تھا، مگر بہت سے ماہرین اسے آنے والے اس دور کی دستک قرار دے رہے ہیں جس میں مشینیں صرف اوزار نہیں بلکہ عملی کارکن بن جائیں گی


