قائدعمران خان کی رہائی کےلئے بھرپور احتجاج کریں، زلفی بخاری کا نیوجرسی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب
پاکستان تحریک انصاف اوورسیز کے سینئر رہنما اور عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری یو ایس کانگریس میں ٹام لانٹوس ہیومن رائٹس کمیشن میں 15 جولائی کو پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق ہونے والی ہیرنگ میں شرکت کیلئے امریکہ پہنچ گئے ہیں ۔
امریکی ریاست نیوجرسی آمد پر معروف سیاسی و سماجی شخصیت نوید وڑائچ نے اپنی رہائش گاہ پر عشائیے کا اہتمام کیا۔ جس میں پی ٹی آئی کے حامی خواتین و حضرات اور دوستوں نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زلفی بخاری نے امریکہ میں پارٹی ورکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عمران خان کی رہائی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے اور آئندہ ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
واشنگٹن میں اپنی مصروفیات سے متعلق بتانے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور سیاسی رہنماؤں کے خلاف کی جانے والی غیر قانونی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو امریکی ایوان نمائندگان میں آشکار کیا جانا چاہیے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے حالیہ ملاقات کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا پلان اے فیل ہوا تو پلان بی پر عمل کریں گے اور اگر پلان بی فیل ہوا تو پلان سی لیکر آئیں گے تاہم وہ پلان کیا ہیں ان پر زلفی بخاری نے روشنی نہیں ڈالی۔
عمران خان کی طرف سے دی جانے والی 5اگست کی احتجاج کی کال اور علی امین گنڈاپور کی 90دن بعد کی کال سے متعلق ابہام اور کارکنوں کی تشویش پر زلفی بخاری نے کوئی واضع جواب نہیں دیا تاہم 5 اگست امریکہ میں ورکنگ ڈے ہونے کی وجہ سے انہوں نے کہا احتجاج ویک اینڈ پر بھی ہو سکتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ شریک ہوں۔ تحریک انصاف امریکہ میں اختلافات، مختلف دھڑوں اور تنظیموں کی طرف سے مل کر جدوجہد کرنے کے بجائے الگ الگ لابنگ اور عمران خان کی رہائی کے لئے مختلف پلیٹ فارمز سے کوششیں کرنے سے متعلق زلفی بخاری نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔


