امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کو مزید وفاقی ملازمین نکالنے کی چھوٹ دے دی
سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وفاقی اداروں میں بڑے پیمانے پر ملازمین کی برطرفی کے منصوبے پر عملدرآمد کی اجازت دے دی ہے۔ جس سے سابقہ عدالتی پابندی ختم ہو گئی ہے۔
یہ فیصلہ ٹرمپ کے اُس ایگزیکٹو آرڈر کے حوالے سے آیا ہے جو انہوں نے فروری میں جاری کیا تھا۔ جس کا مقصد حکومتی محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے نام پر ملازمتیں کم کرنا تھا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ حکومت کا موقف غالب آنے کے امکانات زیادہ ہیں کہ یہ حکم قانونی ہے تاہم جج کیتنجی براؤن جیکسن نے اختلافی نوٹ میں اسے خطرناک قدم قرار دیا۔
اس حکم کے خلاف لیبر یونینز اور کئی ریاستی اداروں نے عدالت سے رجوع کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ صدر کو کانگریس کی منظوری کے بغیر اتنی بڑی تنظیمی تبدیلی کا اختیار حاصل نہیں۔ وائٹ ہاؤس نے فیصلے کو صدر کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔


