فیصل آباد و سانگلہ بارڈر پر سائبر فراڈ نیٹ ورک بے نقاب:
سابق چیئرمین فیسکو ملک تحسین اعوان کے ڈیرے پر چھاپہ، پاکستان کی تاریخ میں سائبر کرائم کا سب سے بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، ستر سے زائد چینی باشندوں اور خواتین سمیت سو افراد گرفتار اڈہ ایک بااثر ن لیگی رہنما چلا رہا تھا، جہاں سے عالمی مالیاتی فراڈ کیے جارہے تھے۔
فیصل آباد اور سانگلہ ہل کی سرحد پر واقع علاقے 54 سرہالی میں حساس اداروں اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سابق چیئرمین فیسکو اور معروف سیاسی و سماجی کاروباری شخصیت ملک تحسین اعوان کے ڈیرے پر بڑا چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران آن لائن فراڈ اور غیر قانونی سائبر سرگرمیوں میں ملوث 100 سے زائد ملکی و غیر ملکی افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں تقریباً 70 چائنیز باشندے بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق چھاپہ انتہائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر اور اعلیٰ سطحی نگرانی میں مارا گیا۔ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے، جبکہ خواتین ملزمان میڈیا کے سامنے اپنا چہرہ چھپاتی رہیں۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ جعلی ویب سائٹس، فیک انویسٹمنٹ پلیٹ فارمز، ڈیجیٹل کرنسی اسکیموں اور بین الاقوامی مالیاتی فراڈ کے ذریعے لوگوں کو نشانہ بناتا تھا۔
سب سے چونکا دینے والا انکشاف یہ ہے کہ ملک تحسین اعوان کے ڈیرے پر غیر ملکی ہیکرز کو مستقل بنیادوں پر رکھا گیا تھا، جو جدید تکنیکی مہارت رکھتے تھے اور عالمی سطح پر سائبر کرائم میں ملوث پائے گئے۔ ان کی شہریت، شناخت اور دیگر تفصیلات پر خفیہ ادارے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
کارروائی کو ملکی تاریخ کا ایک بڑا سائبر کرائم کریک ڈاؤن قرار دیا جا رہا ہے، جس کے نتائج آئندہ دنوں میں مزید بڑے انکشافات کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں۔


