یوکرین پر تباہ کن روسی یلغار، شہروں پر میزائل حملوں سے درجنوں ہلاک، ہزاروں بے گھر
یوکرین میں روس کی جانب سے ایک بڑے اور منظم حملے کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے، جہاں دارالحکومت کیف سمیت کئی اہم شہروں پر ڈرونز اور میزائلوں کی شدید بارش کی گئی۔ حکام کے مطابق ان حملوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور تقریباً 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
حملوں کے بعد ہزاروں شہری محفوظ مقامات اور پناہ گاہوں کی طرف منتقل ہو گئے، جبکہ متعدد علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ کیف میں رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب روس کی جانب سے یوکرین کے بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے نظام کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ یوکرین بھی جوابی کارروائیوں میں روسی تیل تنصیبات کو ہدف بنا رہا ہے۔
ماسکو نے گزشتہ دنوں کیف پر ’’منظم حملوں‘‘ کی دھمکی دی تھی، جسے اب عملی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ دونوں ممالک ایک دوسرے پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ تازہ حملے جنگ کو مزید خطرناک مرحلے میں داخل کر رہے ہیں، جہاں امن کی کوششیں مزید مشکل ہوتی جا رہی ہیں۔


