کیلیفورنیا کی ایک سابق مئیر چین کی جاسوس، اعتراف جرم کرلیا
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر آرکیڈیا کی سابق میئر آئیلین وانگ نے چین کی حکومت کے لیے خفیہ طور پر کام کرنے کے الزام میں جرم قبول کر لیا ہے، جس کے بعد انہیں دس سال تک قید کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق 56 سالہ وانگ نے اعتراف کیا ہے کہ وہ 2020 سے 2022 کے دوران چینی حکام کی ہدایات پر امریکہ میں بیجنگ کے مؤقف اور پروپیگنڈا کو فروغ دینے کی سرگرمیوں میں ملوث رہیں۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے غیر ملکی حکومت کے نمائندے کے طور پر کام کیا لیکن امریکی قوانین کے مطابق خود کو رجسٹر نہیں کروایا۔ مقدمے کے مطابق وانگ پر الزام ہے کہ انہوں نے چینی حکومت کے مفادات کے حق میں مختلف سیاسی اور عوامی سرگرمیوں میں کردار ادا کیا، جس کے بدلے میں انہیں چینی حکام سے ہدایات موصول ہوتی رہیں۔ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی پہلے ہی مختلف معاملات پر عروج پر ہے اور امریکی حکام غیر ملکی اثر و رسوخ کے خلاف کارروائیاں تیز کر رہے ہیں۔ آرکیڈیا کے کئی رہائشیوں نے بھی اس معاملے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ شہر کی قیادت نے وانگ سے پہلے استعفیٰ لینے کے لیے دباؤ کیوں نہیں ڈالا۔ سابق میئر کو رواں سال اکتوبر میں سزا سنائے جانے کا امکان ہے، جبکہ یہ مقدمہ امریکہ میں غیر ملکی حکومتوں کے مبینہ اثر و رسوخ کے حوالے سے ایک اہم مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے


