Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومامریکہنیویارک میں انسانیت، خدمت اور امید کے پیغام کو اجاگر کرنے کے...

ٹرینڈنگ

نیویارک میں انسانیت، خدمت اور امید کے پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے معروف فلاحی تنظیم شاہد

نیویارک میں انسانیت، خدمت اور امید کے پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے معروف فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور اے پی پیک کے اشتراک سے “نیو یارک 2026 — این ایوننگ آف پرپز، کمیونٹی اینڈ امپیکٹ” کے عنوان سے ایک پروقار فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد 13 جون 2026 بروز ہفتہ شام 7 بجے ریڈیسن ہوٹل، لانگ آئی لینڈ میں کیا جائے گا۔
تقریب کا مقصد پاکستان میں فلاحی منصوبوں کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے، خصوصاً “ہومز دیٹ ریسٹور ہوپ” منصوبہ، جس کے تحت سیلاب متاثرین اور بے گھر خاندانوں کے لیے رہائش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن، جس کی بنیاد قومی کرکٹ ہیرو شاہد آفریدی نے 2014 میں رکھی، پاکستان بھر میں صحت، تعلیم، صاف پانی، نوجوانوں کی فلاح اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ فاؤنڈیشن کے تحت مفت اسپتال، موبائل میڈیکل یونٹس، پندرہ سے زائد تعلیمی ادارے اور تھرپارکر و بلوچستان سمیت پانی کی قلت کے شکار علاقوں میں اسی سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔
اس خصوصی تقریب میں پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان اور سماجی رہنما شاہد آفریدی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے، جبکہ عالمی اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان بھی تقریب کی رونق بڑھائیں گے، جنہیں کھیلوں کی تاریخ کے عظیم ترین اسکواش کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار زاویار نعمان اعجاز بھی شرکت کریں گے، جو نوجوان نسل میں غیرمعمولی مقبولیت رکھتے ہیں اور سماجی سرگرمیوں میں بھی متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب کے منتظمین کے مطابق وی وی آئی پی ٹکٹ 250 ڈالر، وی آئی پی 150 ڈالر جبکہ جنرل انٹری 100 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ ٹکٹوں کی خریداری کی آخری تاریخ 31 مئی 2026 رکھی گئی ہے، جبکہ نشستیں محدود ہونے کے باعث شرکاء کو جلد از جلد بکنگ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تقریب میں شرکت اور ٹکٹوں کی تفصیلات کے لیے منتظمین نے رابطہ نمبرز بھی جاری کیے ہیں، جبکہ آن لائن رجسٹریشن کے لیے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ شام صرف ایک فنڈ ریزر نہیں بلکہ امید، یکجہتی، خدمتِ انسانیت اور پاکستانی کمیونٹی کے باہمی ربط کی علامت ثابت ہوگی۔

مزید پڑھیں