شاید ایرانی آیت اللہ سے ملاقات ہوگی، ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں اس وقت ہمیں زمینی فوج بھیجنے کی ضرورت نہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران نے اتفاق کیا ہے کہ ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے، آیت اللہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہیں، شاید کسی موقع پر ایرانی آیت اللہ سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں مہنگائی بہت زیادہ نہیں ہے، ایران کا تنازع ختم ہو گا تو ایندھن کی قیمتیں کم ہوں گی، مستقبل قریب میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو پاگل اور ناشکرا قرار دیا تھا۔ رواں ہفتے امریکی صدر کی لبنان کشیدگی پر نیتن یاہو سے سخت گفتگو ہوئی تھی، فون کال میں تلخ جملوں کا استعمال ہوا تھا۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ایک فون کال کے دوران لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور مبینہ طور پر انہیں پاگل اور ناشکرا قرار دیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ گفتگو پیر کے روز ہوئی تھی جس میں امریکی حکومتی ذرائع کے مطابق ٹرمپ نے بیروت پر ممکنہ حملے کے اسرائیلی منصوبے پر بھی اعتراض کیا اور اسے روکنے کی کوشش کی۔


