سارہ خان توقع کے عین مطابق بھاری اکثریت سے ہار گئیں
سارہ خان توقع کے عین مطابق بھاری اکثریت سے ہار گئیں
فورٹ بینڈ کاؤنٹی، ٹیکساس کے ڈیموکریٹک رن آف الیکشن میں پاکستانی نژاد امیدوار سارہ خان کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں ان کے مدمقابل جیفری ایل بونی نے واضح برتری کے ساتھ میدان مار لیا۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق جیفری بونی نے تقریباً پینسٹھ فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ سارہ خان صرف پینتیس فیصد ووٹ لے سکیں، یوں وہ لگ بھگ تیس فیصد کے بڑے فرق سے ہار گئیں۔
سیاسی حلقوں میں الیکشن سے پہلے ہی یہ تاثر زور پکڑ چکا تھا کہ سارہ خان کی انتخابی مہم مطلوبہ رفتار حاصل نہیں کر پا رہی۔ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں ان کے حمایتیوں اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی، پولنگ کے دن ووٹر ٹرن آؤٹ انتہائی کم دیکھا گیا۔ متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ ڈالنے کی سست رفتار نے ابتدائی گھنٹوں میں ہی سیاسی مبصرین کو اشارہ دے دیا تھا کہ سارہ خان کے لیے مقابلہ مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
مقامی مبصرین کے مطابق جیفری بونی کو افریقی نژاد ووٹرز کے ساتھ ساتھ ڈیموکریٹک تنظیمی نیٹ ورک کی مضبوط حمایت حاصل رہی، جبکہ سارہ خان اپنی کمیونٹی کے ووٹرز کو بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنز تک لانے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ یہی وجہ بنی کہ رزلٹ آتے ہی شکست کا مارجن توقع سے بھی زیادہ بڑا نکل آیا۔
یہ رن آف الیکشن اس وقت توجہ کا مرکز بن گیا تھا جب سارہ خان کو پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کے ایک ابھرتے ہوئے چہرے کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا، تاہم انتخابی دن کم ٹرن آؤٹ اور کمزور گراس روٹ موبلائزیشن نے ان کی مہم کو شدید نقصان پہنچایا۔


