ایران کو امریکی وارننگ: جنگ دوبارہ چھڑی تو بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں، وزیر دفاع
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو امریکہ فوری اور بھرپور فوجی کارروائی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور اس کے اسلحہ کے ذخائر کسی بھی ممکنہ تصادم کے لیے کافی ہیں۔ سنگاپور میں ہونے والے ایک بین الاقوامی دفاعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا جب واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات جنگ کے خاتمے کے لیے کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاس نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ دنیا کے مختلف خطوں میں موجود فوجی وسائل اور اسلحہ کے ذخائر کسی بھی نئی کارروائی کے لیے کافی ہیں۔ ان کے بقول اگر ضرورت پڑی تو امریکہ دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا تاہم کہا کہ امریکہ غیر ضروری محاذ آرائی نہیں چاہتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایشیا میں طاقت کے توازن اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے چین کی فوجی توسیع واشنگٹن کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، لیکن دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان اور اہم اختلافات کسی مستقل معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ مبصرین کے مطابق امریکی وزیر دفاع کا سخت لہجہ اس بات کا اشارہ ہے کہ اگر سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو خطے میں ایک بار پھر فوجی کشیدگی بڑھ سکتی ہے، جس کے اثرات پورے مشرقِ وسطیٰ پر پڑ سکتے ہیں


