ایران جنگ کا اثر: ایئرلائنز کا مسافروں کو نیا جھٹکہ ، سمر ٹریول مزید مہنگا
ایران جنگ کا اثر: ایئرلائنز کا مسافروں کو نیا جھٹکہ، سمر ٹریول مزید مہنگا۔ ایران جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے نے اب فضائی سفر کو بھی براہِ راست متاثر کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کے لیے ایئرلائن مائلز اور ٹریول پوائنٹس کی اصل قدر کم ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ہوائی ٹکٹوں کی قیمتیں اپریل میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد تک بڑھ چکی ہیں، جبکہ سامان چیک اِن فیس اور دیگر ایئرلائن چارجز میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ موسمِ گرما میں بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ نے صورتحال کو مزید مہنگا بنا دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اب وہ مسافر جو کریڈٹ کارڈ یا فریکوئنٹ فلائر پوائنٹس کے ذریعے مفت یا سستے سفر کی امید رکھتے تھے، انہیں یا تو زیادہ پوائنٹس خرچ کرنے پڑ رہے ہیں یا پھر اضافی نقد رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ ایئرلائنز نے پرانے فکسڈ مائلز سسٹم کو تقریباً ختم کر دیا ہے اور اب “ڈائنامک پرائسنگ” استعمال کی جا رہی ہے، جس کے تحت ٹکٹ کی قیمت طلب اور رسد کے مطابق مسلسل تبدیل ہوتی رہتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں ہوائی سفر اب پہلے سے کہیں زیادہ مہنگا اور غیر متوقع ہو چکا ہے، جس کا براہِ راست اثر عام مسافر کی جیب پر پڑ رہا ہے۔


