Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومکالم / بلاگامریکہ: جارج واشنگٹن سے ڈونلڈ ٹرمپ تک،جدید انسانی تہذیب، آئین، جمہوری آزادی...

ٹرینڈنگ

امریکہ: جارج واشنگٹن سے ڈونلڈ ٹرمپ تک،جدید انسانی تہذیب، آئین، جمہوری آزادی کا ڈھائی سو سالہ تجربہ

امریکہ: جارج واشنگٹن سے ڈونلڈ ٹرمپ تک،جدید انسانی تہذیب، آئین، جمہوری آزادی کا ڈھائی سو سالہ تجربہ

آفاق فاروقی

جب 1776 میں تیرہ کالونیوں نے برطانوی سلطنت کے خلاف آزادی کا اعلان کیا تو یہ صرف ایک سیاسی بغاوت نہیں تھی بلکہ انسانی تہذیب کے ایک نئے تصور کی ابتدا تھ،یہ وہ لمحہ تھا جب پہلی بار ایک ریاست نے یہ دعویٰ کیا کہ اقتدار بادشاہ کا نہیں بلکہ عوام کا ہے،اعلانِ آزادی کے مرکزی معماروں میں تھامس جیفرسن نے لکھا تھا کہ “All men are created equal”، یعنی تمام انسان برابر پیدا کیے گئے ہیں اور انہیں کچھ ناقابلِ تنسیخ حقوق حاصل ہیں جن میں زندگی، آزادی اور خوشی کی تلاش شامل ہے،یہ جملہ صرف ایک سیاسی نعرہ نہیں تھا بلکہ ایک اخلاقی اعلان تھا جس نے آنے والی دنیا کی سیاست کو بدل کر رکھ دیا
مگر آزادی کے فوراً بعد یہ سوال اٹھا کہ ایک وسیع ریاست بغیر بادشاہ کے کیسے چلائی جائے،اسی سوال نے 1787 کی فلاڈیلفیا کانفرنس کو جنم دیا جہاں امریکی آئین لکھا گیا،اس عمل میں نیویارک کے وکیل جیمز میڈیسن کو مرکزی کردار حاصل تھا، جنہیں بعد میں “آئین کا معمار” کہا گیا،میڈیسن نے کہا تھا کہ اگر انسان فرشتے ہوتے تو حکومت کی ضرورت نہ ہوتی، اور چونکہ انسان ایسے نہیں، اس لیے طاقت کو قابو میں رکھنے کے لیے ایک منظم نظام ضروری ہے،اسی سوچ نے امریکی آئین کو جنم دیا جس میں طاقت کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا: انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ، تاکہ کوئی ایک ادارہ بھی مطلق العنان نہ بن سکے
جارج واشنگٹن، جو امریکہ کے پہلے صدر بنے، انہوں نے اقتدار کو ایک خدمت قرار دیا،اپنی الوداعی تقریر میں انہوں نے خبردار کیا کہ سیاسی جماعتیں اگر حد سے بڑھ جائیں تو وہ جمہوری نظام کو کمزور کر سکتی ہیں،ان کے الفاظ میں حکومت کی اصل طاقت اتحاد میں ہے اور اخلاقی اصولوں پر قائم رہنے میں ہے،یہی سوچ ابتدائی امریکی ریاست کی بنیاد بنی کہ جمہوریت صرف ووٹ کا نام نہیں بلکہ کردار، توازن اور ذمہ داری کا نظام ہے
اسی دور میں الیگزینڈر ہیملٹن نے کہا کہ مضبوط وفاقی حکومت کے بغیر ریاست بکھر جائے گی، جبکہ تھامس جیفرسن زیادہ آزادی اور ریاستی خودمختاری کے حامی تھے،یہ اختلاف دراصل اسی آئینی نظام کی روح تھا جس نے بحث، اختلاف اور توازن کو جمہوریت کا حصہ بنایا
امریکہ کا یہ آئینی تجربہ وقت کے ساتھ ساتھ ایک وسیع ریاستی ڈھانچے میں تبدیل ہوتا چلا گیا،زمین کے لحاظ سے یہ ملک خریداریوں اور توسیع کے ذریعے پھیلتا گیا۔ Louisiana Purchase نے پورے وسطی خطے کو امریکہ میں شامل کیا، Alaska روس سے خریدا گیا، اور Hawaii بحرالکاہل میں اس کی اسٹریٹجک موجودگی بن گیا،اس طرح امریکہ ایک براعظمی طاقت میں بدل گیا
اس کے ساتھ ہی امریکہ نے انفراسٹرکچر کا ایک ایسا نظام قائم کیا جو جدید دنیا میں اپنی مثال آپ ہے،آج امریکہ میں تقریباً ستر انٹر اسٹیٹ ہائ ویز اور دو سو سے زائد یو ایس لوکل ہائ ویز ، سینکٹروں پارک ویز پر 42 لاکھ میل سڑکوں کا جال بچھا ہوا ہے، جس میں تقریباً 50 ہزار میل انٹر اسٹیٹ ہائی ویز اور ایک لاکھ پچپن ہزار میل سے زیادہ یو ایس ہائی ویز شامل ہیں،ریاستی اور مقامی سڑکیں اس پورے نظام کو ایک مربوط قومی معیشت میں جوڑ دیتی ہیں،اسی طرح پانی کا نظام بھی غیر معمولی وسعت رکھتا ہے، جہاں تقریباً تین سو بڑے دریا اور لاکھوں چھوٹے ندی نالے پورے ملک کو سیراب کرتے ہیں،فادر آف دی ریورز مسیسیپی اور مسوری دریا کا نظام دنیا کے سب سے بڑے دریائ نظاموں میں شمار ہوتا ہے،اسی پانی کو کنٹرول کرنے کے لیے تقریباً 92 ہزار ڈیم تعمیر کیے گئے ہیں جن میں Hoover Dam جیسے عظیم منصوبے شامل ہیں، جو نہ صرف توانائی پیدا کرتے ہیں بلکہ زرعی اور شہری نظام کو بھی سہارا دیتے ہیں،یہ پورا ڈھانچہ صرف انجینئرنگ نہیں بلکہ ایک ریاستی نظم کا مظہر ہے جس نے معیشت کو ایک مربوط قومی مارکیٹ میں بدلنے میں تاریخی کردار ادا کیا
اسی نظم کے ساتھ امریکہ نے آسمان اور سمندر دونوں کو فتح کیا۔ 1903 میں رائٹ برادرز کی پہلی پرواز نے ہوا بازی کا آغاز کیا، اور چند دہائیوں میں یہ صنعت بوئنگ اور دیگر کمپنیوں کے ذریعے عالمی طاقت میں بدل گئی،پہلی مسافر پرواز سے لے کر جیٹ ایج تک امریکہ نے ہوائی سفر کو عالمی معیار بنایا،اسی طرح اس کی بحریہ دنیا کی سب سے بڑی نیوی بن گئی جس کے پاس درجنوں ایئرکرافٹ کیریئرز اور ہزاروں جنگی و لاجسٹک بحری جہاز موجود ہیں
سائنسی میدان میں امریکہ نے انسانی تاریخ کو بنیادی طور پر تبدیل کیا ہے ،دوسری جنگ عظیم کے دوران Manhattan Project کے تحت ایٹم بم تیار ہوا، اور 1945 میں ہیروشیما اور ناگاساکی پر حملے نے جنگ کا خاتمہ کیا مگر ایک نئے نیوکلیئر دور کا آغاز بھی کیا۔ J. Robert Oppenheimer نے اس لمحے کو یاد کرتے ہوئے بھگوت گیتا کا حوالہ دیا: “Now I am become Death, the destroyer of worlds.” یہ جملہ اس سائنسی طاقت کی اخلاقی پیچیدگی کو ظاہر کرتا ہے جو انسان نے حاصل کرلی ہے
بعد ازاں امریکہ نے پولیو ویکسین، کمپیوٹر انقلاب، انٹرنیٹ (ARPANET)، چاند پر لینڈنگ (NASA Apollo Mission)، اور جدید بائیو ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں دنیا کی قیادت کی۔ Jonas Salk نے کہا تھا کہ “یہ ویکسین پوری انسانیت کی ملکیت ہے”، جو امریکی سائنسی اخلاقیات کا ایک منفرد اظہار تھا
میڈیکل سائنس میں بھی امریکہ نے MRI، CT scan، جین تھراپی اور mRNA ویکسین جیسی ٹیکنالوجیز کے ذریعے انسانی زندگی کی تعریف بدل دی۔ کووڈ-19 کے دوران انہی سائنسی بنیادوں نے دنیا کو ایک نئے بحران سے نکالا
امریکہ کی تاریخ صرف ترقی کی کہانی نہیں بلکہ جنگوں کی تاریخ بھی ہے،خانہ جنگی جس نے غلامی کے مسئلے پر ملک کو دو حصوں میں تقسیم کیا، پہلی اور دوسری عالمی جنگ نے اسے عالمی طاقت بنایا، جبکہ کوریا، ویتنام، خلیجی جنگ، افغانستان اور عراق نے اس کی عالمی پالیسی کو متنازع مگر مؤثر بنایا
اس سارے سفر میں امریکی سپریم کورٹ ایک ایسا ادارہ رہا جس نے آئین کو وقت کے ساتھ زندہ رکھا،آئین کو جامد متن نہیں بلکہ ایک “living document” سمجھا گیا، جس کی تشریح ہر دور کے تقاضوں کے مطابق کی جاتی رہی،یہی وجہ ہے کہ آج بھی آئین اپنی اصل شکل کے باوجود نئے معنی پیدا کرتا ہے۔
امریکہ کا یہ 250 سالہ سفر ایک سادہ کامیابی کی کہانی نہیں بلکہ ایک مسلسل سوال ہے،ایک طرف وہ بانی صدور ہیں جنہوں نے آزادی، توازن اور انسانی حقوق کا تصور دیا، اور دوسری طرف ایک جدید ریاست ہے جو سائنس، طاقت، معیشت اور جنگ کے پیچیدہ نظام میں تبدیل ہو چکی ہے، اور دنیا میں اسکی پالیسوں کی مخالفت کم ہونے کی بجائے بڑھ رہی ہے ، دنیا کے غیر جمہوری معاشروں کے حکمراں امریکی عہدے داروں کے سامنے دم ہلاتے ہیں تو انکے عوام امریکی جمہوریت انسانی آزادی کے تصور کے پاسبان آئین پر سوال اٹھا رہے ہیں ، سوال یہ بھی ہے کہ کیا موجودہ امریکہ اپنے بانیوں کے نظریات کے قریب ہے یا دور؟ کیا جمہوریت صرف اداروں میں باقی ہے یا اس کی روح معاشرے میں بھی کہیں موجود ہے؟
یہ وہ سوال ہے جس کا حتمی جواب تاریخ بھی شاید ابھی نہیں دے سکتی، کیونکہ آئین صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ ایک جاری تشریح ہے، اور امریکہ کی کہانی شاید اسی تشریح کے مسلسل سفر کا نام ہے

مزید پڑھیں