بھارتی فضائیہ کی مشکلات میں اضافہ، جیگوار طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک
بھارتی ریاست راجستھان کے چورو ضلعے میں انڈین ائیر فورس کا جیگوار لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
حادثے میں دونوں پائلٹ اسکواڈرن لیڈر اور فلائٹ لیفٹیننٹ ہلاک ہو گئے ۔ لڑاکا طیارہ سورت گڑھ ائیر بیس راجستھان سے پرواز کرنے کے چند منٹ بعد ہی کریش کر گیا۔ بھارتی فضائیہ کا یہ تیسرا جیگوار جہاز ہے جو اس سال حادثے کا شکار ہوا ہے۔
ایک جدید میراج 2000 طیارہ بھی چند ماہ قبل گر کر تباہ ہوا تھا۔ دو ماہ قبل پاک بھارت فضائی جھڑپ میں پاکستان ایئر فورس کے ہوا بازوں نے دو جدید رافیل سمیت چار بھارتی جہاز مار گرائے تھے۔ جن کی تباہی کا اعتراف بھارتی حکومت اور فضائیہ نے اُس وقت نہیں کیا تاہم چند روز قبل ان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے 4 بھارتی ہوابازوں کو بھارتی حکومت نے بعد از مرگ اعزازات سے نوازا ہے ۔
جدید رافیل طیاروں کی فضائی جھڑپ میں تباہی بھارتی ائیر فورس میں شامل طیاروں کے مسلسل حادثات اور بھارتی پائلٹس کی ناقص کارکردگی بھارتی حکومت اور افواج کیلئے پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔ بھارتی فضائیہ اپنے پرانے روسی ساختہ مگ اور جیگوار طیاروں کے فلیٹ کو فرانسیسی ساختہ رافیل روسی ساختہ SU-35A، SU-57-E اور اندرون ملک تیار ہونے والے ایچ اے ایل تیجا کے ساتھ تبدیل کر رہی ہے۔
بھارت میں تیار ہونے والے سنگل انجن ایچ اے ایل تیجاز کے آرڈر کیے گئے 123 میں سے 36 جہاز بھارتی فضائیہ میں شامل کیے جا چکے ہیں ، مجموعی طور پر تین سو سے زائد تیجا ایم کے ون اور ایم کے ون اے انڈین ایئرفورس میں چند سالوں میں شامل ہوں گے۔ بھارت کے دفاعی ماہرین پریشان ہیں کہ بھارتی ائیر فورس کے بھارتی غیر معیاری اور کم صلاحیتوں والے تیجا اور انتہائی مہنگے نئے حاصل کیے گئے رافیل پاکستانی فضائیہ کے موجودہ J-10 اور اگلے چینی ففتھ جنریشن F-35 کا کس طرح مقابلہ کر پائیں گے ۔


