وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ سے امریکی دارالحکومت میں ہلچل، سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں 21 سالہ ناصیر بیسٹ ہلاک
وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ سے امریکی دارالحکومت میں ہلچل، سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں 21 سالہ ناصیر بیسٹ ہلاک
وائٹ ہاؤس کے قریب ہفتے کی شام اچانک فائرنگ کے واقعے نے امریکی دارالحکومت کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں ایک مسلح نوجوان نے سیکیورٹی چیک پوائنٹ کے قریب فائرنگ شروع کردی جس کے بعد امریکی سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گولی مار دی۔ حکام کے مطابق حملہ آور 21 سالہ ناصیر بیسٹ تھا، جو بعد ازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
سیکرٹ سروس کے ابتدائی بیان کے مطابق واقعہ شام تقریباً چھ بجے 17ویں اسٹریٹ اور پنسلوانیا ایونیو کے قریب پیش آیا، جب مشتبہ شخص نے اپنے بیگ سے ہتھیار نکالا اور اچانک فائرنگ شروع کردی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے چند ہی لمحوں میں علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جوابی فائرنگ کی۔ واقعے کے فوراً بعد پورے علاقے میں ہائی الرٹ نافذ کردیا گیا جبکہ متعدد سڑکیں بند کر دی گئیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے اردگرد سیکیورٹی خطرات میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اپریل میں وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن ڈنر کے دوران اور مئی کے آغاز میں واشنگٹن مونومنٹ کے قریب بھی فائرنگ کے واقعات سامنے آچکے ہیں، جس کے بعد وفاقی سیکیورٹی ادارے شدید دباؤ اور مسلسل الرٹ کی کیفیت میں ہیں۔ امریکی حکام نے تازہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ابتدائی طور پر حملے کے محرکات فوری طور پر واضح نہیں ہوسکے۔


