نام اور حلیہ بدل کر ممبئی میں اداکار بن جانے والا مفرور قاتل 12 برس بعد گرفتار کیسے ہوا؟
نام اور حلیہ بدل کر ممبئی میں اداکار بن جانے والا مفرور قاتل 12 برس بعد گرفتار کیسے ہوا؟
احمد آباد کرائم برانچ نے ایک ایسے مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جو 12 سال قبل قتل کے مقدمے میں پیرول ملنے کے بعد فرار ہو گیا تھا اور بعد میں ممبئی جا کر اداکاری کی دنیا میں سرگرم ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہیمنت مودی پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے اور انہیں 2008 میں قتل کے ایک مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ چھ سال بعد پیرول ملنے پر وہ فرار ہو گئے اور ممبئی منتقل ہو کر فلموں، ٹی وی سیریلز اور ویب سیریز میں کام کرنے لگے۔
رپورٹس کے مطابق ہیمنت مودی کئی برسوں تک مختلف نام اور حلیہ اختیار کر کے شوبز انڈسٹری میں کام کرتے رہے، جس کے باعث ان کی شناخت چھپی رہی۔
احمد آباد کرائم برانچ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک ٹی وی سیریل کی شوٹنگ کے لیے وہ احمد آباد آئے ہوئے ہیں، جس کے بعد حکام نے خفیہ نگرانی اور جسمانی نشانات کی مدد سے ان کی شناخت کی تصدیق کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وقت ملزم نے ابتدا میں اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی، تاہم سخت پوچھ گچھ کے بعد اس نے اعتراف کر لیا کہ وہی ہیمنت مودی ہیں جو گزشتہ 12 برس سے مفرور تھے۔
تفصیلات کے مطابق 2005 میں احمد آباد کے علاقے سائج پور بوغہ میں پڑوسیوں کے درمیان جھگڑے کے بعد نریندر تامبلے عرف ننو نامی شخص کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں ہیمنت مودی اور ان کے ساتھیوں کو بعد ازاں سزا سنائی گئی تھی۔


